چکوال مہتاب نصیر اعوان سٹی رپورٹر بے نقاب نیوز
ضلع چکوال کے مختلف علاقوں میں ہر روز رات 12 بجے سے 1 بجے تک بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے، جس کے باعث شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق ضلع چکوال کے متعدد فیڈرز پر یہی صورتحال دیکھنے میں آ رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رات بارہ بجے کے بعد کا وقت آرام اور نیند کا اہم ترین حصہ ہوتا ہے، لیکن عین اسی وقت بجلی کی بندش سے نہ صرف نیند میں خلل پڑتا ہے بلکہ شدید گرمی اور حبس کے باعث بچے، بزرگ، خواتین اور بیمار افراد کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بجلی بحال ہونے کے بعد نمازِ فجر تک آرام کے لیے بہت کم وقت باقی رہ جاتا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کی نیند پوری نہیں ہو پاتی اور وہ اگلا دن تھکن، بے چینی اور ذہنی دباؤ کے ساتھ گزارنے پر مجبور ہوتے ہیں۔شہریوں نے یہ تجویز بھی پیش کی ہے کہ اگر بجلی کی عارضی بندش ناگزیر ہے تو اسے رات 11 بجے سے پہلے مکمل کیا جائے، کیونکہ اس وقت زیادہ تر لوگ جاگ رہے ہوتے ہیں اور روزمرہ کے معمولات انجام دے رہے ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس رات 12 بجے کے بعد بجلی بند کرنے سے ہزاروں شہریوں کی نیند متاثر ہوتی ہے، جس کے اثرات ان کی صحت، ملازمت، تعلیم اور روزمرہ کارکردگی پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔شہریوں نے آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو، اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع چکوال میں رات کے اوقات میں ہونے والی روزانہ کی بجلی بندش کا فوری نوٹس لیا جائے، بندش کے اوقات پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے عوامی سہولت کو ترجیح دی جائے اور اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

