واشنگٹن:امریکا کی سیکنڈ لیڈی روشا وینس (Usha Vance) کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ نائب صدر جے ڈی وینس نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ ان کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی ہے، جس کا نام ‘الیک نیل وینس’ (Alec Neel Vance) رکھا گیا ہے۔ امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی خاتون نے منصبِ سیکنڈ لیڈی پر فائز رہتے ہوئے بچے کو جنم دیا ہو۔ اس جوڑے کے پہلے ہی تین بچے ایوان (عمر 9 سال)، وویک (عمر 6 سال اور میرابیل (عمر 4 سال) ہیں۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنے پیغام میں لکھا کہ "روشا اور بچہ دونوں صحت مند اور خوش ہیں، جبکہ ہمارے دوسرے بچے اپنے چھوٹے بھائی سے ملنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔”

رواں برس 16 جون کو شائع ہونے والی جے ڈی وینس کی کتاب "کمیونین” (Communion) میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ خوشگوار تبدیلی کس طرح رونما ہوئی۔ نائب صدر کے مطابق، ستمبر میں جب وہ اور روشا وینس، ایریکا کرک کے ہمراہ ایئر فورس ٹو میں سوار ہو کر ان کے شوہر چارلی کرک کی میت کو تدفین کے لیے ایریزونا لے کر گئے تھے، تو اس المناک واقعے نے روشا کی سوچ پر گہرے اثرات چھوڑے۔
کتاب میں درج ہے کہ نائب صدر سالوں سے روشا سے مزید اولاد کے خواہشمند تھے، لیکن وہ عوامی زندگی اور قومی سطح پر پبلک سروس کے دباؤ کے باعث انکار کرتی آ رہی تھیں۔ تاہم، اس دلخراش واقعے کے بعد ان کی زندگی کا زاویہ بدلا، اور دوست کی تدفین کے کچھ ہی عرصے بعد وہ ان کے چوتھے بچے کی امید سے ہو گئیں۔ جے ڈی وینس نے اس لمحے کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ "ایک زندگی ہم سے چھن گئی، مگر خدا نے ہمیں دوسری زندگی عطا کر دی۔”

