ہنگورجہ: رپورٹ — فیاض محسن سولنگی
گھریلو ناچاقی پر زہریلی گولیاں کھانے والا 25 سالہ نوجوان گمس اسپتال گمبٹ میں دورانِ علاج جاں بحق، گھر میں کہرام، علاقے میں سوگ کی فضاہنگورجہ تھانے کی حدود، سیٹھارجا روڈ کے قریب واقع گاؤں ڈنڈھی کے رہائشی 25 سالہ نوجوان زین علی منگی ولد الہٰڈنو منگی، جس نے دو روز قبل مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کے باعث زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی تھی، گمس اسپتال گمبٹ میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ذرائع کے مطابق زہریلی گولیاں کھانے کے بعد نوجوان کی حالت انتہائی تشویشناک ہوگئی تھی، جس پر ورثا نے اسے فوری طور پر گمس اسپتال گمبٹ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے اس کا علاج جاری تھا، تاہم طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ آج دورانِ علاج زندگی کی بازی ہار گیا۔ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ میت گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا، جبکہ پورے علاقے میں بھی غم کی فضا چھا گئی۔ مرحوم کے عزیز و اقارب، رشتہ داروں اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے گھر پہنچ کر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔آخری اطلاعات تک اس واقعے کے حوالے سے کسی بھی فریق کی جانب سے پولیس کے پاس کوئی مقدمہ یا قانونی کارروائی درج نہیں کرائی گئی تھی، جبکہ ابتدائی طور پر واقعے کی وجہ گھریلو ناچاقی بتائی جا رہی ہے۔

