بھدرواہ / بھلیسا مقبوضہ کشمیر:وادیِ چناب میں کھیل کا میدان اس وقت سوگوار ہو گیا جب کرکٹ کے ایک میچ کے دوران 22 سالہ نوجوان کھلاڑی سہیل احمد حرکتِ قلب بند ہونے (ہارٹ اٹیک) کے باعث چل بسے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، بھدرواہ کے گاؤں کلشاری سے تعلق رکھنے والے سہیل احمد بھلیسا میں جاری پریمیئر لیگ کا میچ کھیل رہے تھے۔ سہیل اپنی ٹیم کی جانب سے باؤلنگ کر رہے تھے کہ اوور مکمل کرنے کے بعد انہیں اچانک سانس لینے میں شدید دشواری محسوس ہوئی۔ انہوں نے خود کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ان کی طبیعت تیزی سے بگڑ گئی۔ ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں فوری طور پر طبی امداد دینے کی کوشش کی، مگر وہ چند ہی منٹوں میں بے ہوش ہو گئے۔
ساتھی کرکٹرز اور منتظمین انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے کر پہنچے، جہاں ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔
قانونی اور طبی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سہیل احمد کی میت ان کے لواحقین کے حوالے کر دی گئی، سہیل احمد کو ان کے آبائی گاؤں کلشاری میں سپردِ خاک کردیا گیا۔
باؤلنگ کرتے ہوئے زندگی کی اننگز ختم؛ فاسٹ باؤلر کرکٹ کے میدان میں ہی خالقِ حقیقی سے جا ملا

