کراچی :فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے ایک ایسے مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر پاکستانی شہریوں کی حساس معلومات اور سرکاری دستاویزات غیر ملکی انٹیلی جنس اداروں کو فروخت کرنے میں ملوث تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم ایک ایسے نیٹ ورک کا حصہ تھا جس میں مقامی اور غیر ملکی دونوں افراد شامل تھے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے نادرا ریکارڈ، پاسپورٹس اور موبائل فون صارفین سے متعلق خفیہ ڈیٹا مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بیرونی اداروں تک پہنچایا۔
حکام نے بتایا کہ یہ مشتبہ شخص صرف ڈیٹا لیک کرنے تک محدود نہیں تھا بلکہ پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے والی آن لائن مالیاتی دھوکہ دہی میں بھی ملوث پایا گیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں کے بدلے ادائیگیاں کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے وصول کی جاتی تھیں تاکہ مالی لین دین کو ٹریس کرنا مشکل ہو جائے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم بیرون ملک موجود ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں رہنے اور حساس معلومات کے تبادلے کے لیے مختلف آن لائن کمیونیکیشن چینلز استعمال کرتا تھا۔
گرفتاری کے بعد ایف آئی اے کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کراچی نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور نیٹ ورک کے دیگر افراد کی شناخت اور مکمل سرگرمیوں کا سراغ لگانے کے لیے تفصیلی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پاکستانی شہریوں کا حساس ڈیٹا غیرملکی انٹیلی جنس اداروں کو فروخت کرنیوالا نیٹ ورک بے نقاب ، ایک گرفتار

