ہنگورجہ (رپورٹر فياض محسن سولنگي)
ہنگورجہ شہر میں ٹیلیفون ایکسچینج کے سامنے واقع محلے کے مکین برسوں سے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ علاقہ مکینوں نے ٹاؤن کمیٹی ہنگورجہ کی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے محلے کو ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرتے ہوئے فوری طور پر نکاسی آب، ڈرینیج سسٹم اور پیور بلاکس کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔مکینوں کا کہنا ہے کہ ٹاؤن کمیٹی ہنگورجہ کے چیئرمین سید عباس علی شاہ کی جانب سے متعدد بار محلے میں ترقیاتی کام کرانے کے وعدے کیے گئے، تاہم آج تک ان وعدوں پر عملی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ ان کے مطابق محلے کی گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ نکاسی آب کے مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث گندا پانی گلیوں اور گھروں کے سامنے جمع رہتا ہے، جس سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔شہریوں نے بتایا کہ بارشوں کے دوران صورتحال مزید سنگین ہوجاتی ہے اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں۔ اسکول جانے والے بچوں، بزرگوں، خواتین اور مریضوں کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گندے پانی اور صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق ڈرینیج سسٹم نہ ہونے کے سبب گندگی پھیل رہی ہے اور متعدد بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحت اور صفائی کی ابتر صورتحال کے باوجود متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے جارہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ محلہ گزشتہ دس برسوں سے ترقیاتی منصوبوں سے محروم چلا آرہا ہے۔ شہر کے دیگر علاقوں میں ترقیاتی کام کرائے گئے لیکن ان کے محلے کو مسلسل نظر انداز کیا گیا، جس کے باعث وہ خود کو محروم اور لاوارث محسوس کرتے ہیں۔مکینوں نے سینیٹر سید کاظم علی شاہ لکھیاری، ٹاؤن کمیٹی ہنگورجہ کے چیئرمین سید عباس علی شاہ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر علاقے کا دورہ کرکے مسائل کا جائزہ لیں اور ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب، ڈرینیج سسٹم، پیور بلاکس اور صفائی ستھرائی کے منصوبوں کے لیے فنڈز جاری کریں۔علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر جلد عمل درآمد نہ کیا گیا تو وہ احتجاجی تحریک شروع کرتے ہوئے ٹاؤن کمیٹی آفس کے سامنے دھرنا دیں گے اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے ہر جمہوری راستہ اختیار کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب مزید وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ان کے محلے کو بھی دیگر علاقوں کی طرح بنیادی شہری سہولیات میسر آسکیں۔

