نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ اعلیٰ سندھ، شہید بینظیرآباد ریجن، خان محمد زرداری نے ڈسٹرکٹ جیل شہید بینظیرآباد کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ ذوالقرنین جوکھیو، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر امجد بھٹی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مدثر حسین، انفارمیشن آفیسر شیر محمد جمالی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مرتضیٰ گوہر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔دورے کے دوران خان محمد زرداری نے بیرکس، کچن اور جیل ہسپتال کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی، طبی سہولیات اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قیدیوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور شکایات سنیں اور متعلقہ حکام کو فوری ہدایات جاری کیں۔ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ قیدی بھی بنیادی انسانی حقوق کے حقدار ہیں، لہٰذا انہیں قانون کے مطابق تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کو صحت، خوراک، صفائی اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ ذوالقرنین جوکھیو نے قیدیوں کو جیل مینوئل کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔

