ہنگورجا (رپورٹ: فیاض محسن سولنگی)
ہنگورجا: دیہی مرکز صحت میں ادویات کی قلت کے انکشافات، مریض پریشان، انتظامیہ خاموش
ہنگورجا کے رورل ہیلتھ سینٹر میں ادویات کی فراہمی کے حوالے سے سنگین شکایات سامنے آئی ہیں، جہاں آنے والے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال کے اسٹورز میں ادویات کے ڈبے اور بوتلیں موجود ہونے کے باوجود عام مریضوں کو مطلوبہ ادویات فراہم نہیں کی جاتیں۔مقامی شہریوں کے مطابق کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کی ویکسین (اینٹی ریبیز ویکسین) اور سانپ کے زہر کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوا (اینٹی اسنیک وینم) اسپتال میں دستیاب نہیں، جس کے باعث مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسی ہنگامی نوعیت کی ادویات کی عدم دستیابی کے باعث غریب اور مستحق افراد نجی میڈیکل اسٹورز سے مہنگے داموں ادویات خریدنے پر مجبور ہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اسپتال کے اسٹورز میں ادویات کے ذخائر موجود ہونے کا تاثر دیا جاتا ہے، لیکن عملی طور پر مریضوں کو ادویات فراہم نہیں کی جاتیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اس معاملے کا نوٹس لیں اور ادویات کی فراہمی اور تقسیم کے نظام کی تحقیقات کرائیں۔سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری صحت مراکز میں بنیادی ادویات اور ہنگامی ویکسینز بھی دستیاب نہ ہوں تو غریب عوام کے لیے سرکاری اسپتالوں کے قیام کا مقصد ہی فوت ہو جاتا ہے۔ انہوں نے وزیر صحت، سیکریٹری صحت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ رورل ہیلتھ سینٹر ہنگورجا میں ادویات کی دستیابی، اسٹاک رجسٹر اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے عمل کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب رورل ہیلتھ سینٹر کی انتظامیہ کا مؤقف حاصل نہیں ہو سکا، تاہم شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ حکام جلد اس معاملے کا نوٹس لے کر عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔

