پشاور (انورزیب خان)
ضلع پشاور میں امن و امان کے قیام اور آنے والے محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں، علماء کرام، تاجر برادری، انتظامی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین مربوط رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے کی خاطر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی زیرِ صدارت ملک سعد شہید پولیس لائن میں پولیس افسران کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران شہر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات اور مختلف اداروں کے مابین باہمی تعاون کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کسی بھی ممکنہ مسئلے کی بروقت نشاندہی اور مؤثر حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے مابین مربوط کوارڈینیشن کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔میٹنگ میں چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ ، ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، ایس ایس پی انوسٹی گیشن عائشہ گل ، کمانڈنٹ کیمپس مجیب الرحمٰن ، ایس ایس پی کوآرڈینیشن عرفان عامر، ایس پی ہیڈکوارٹر علی گوہر خان، ایس پی سکیورٹی سجاد حسین، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز ، ڈی ایس پی سیف سٹی اور اے ڈی آئی ٹی سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

