چنیوٹ (فرحان بلال سے)
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کا بیوٹیفکیشن منصوبوں کا دورہ، کام تیز کرنے کی ہدایت ، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے شہر میں جاری بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے فرنیچر مارکیٹ، لائبریری پارک، جھنگ روڈ، جنرل بس اسٹینڈ اور دیگر مختلف سائٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی واثق عباس ہرل، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد عارف، ایم او آئی نعمان زاہد اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام سائٹس کا تفصیلی معائنہ کیا اور جاری کاموں کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف مقامات پر شہری سہولیات اور خوبصورتی کے منصوبوں میں مزید بہتری کے لیے چند ضروری تبدیلیاں کرنے اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔جنرل بس اسٹینڈ کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور مسافر خانوں میں مزید بہتری لانے، تمام مشینری کو ہر وقت فعال رکھنے، واش رومز کی صفائی ستھرائی کے معیار کو برقرار رکھنے اور بس اسٹینڈ کی بیرونی جانب مزید تزئین و آرائش کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔لائبریری پارک کے معائنے کے دوران انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو ہدایت کی کہ پارک کے باہر قائم فوڈ سٹالز کو مناسب اور نزدیک ترین متبادل جگہ فراہم کی جائے تاکہ پارک کے ماحول اور خوبصورتی کو مزید بہتر بنایا جا سکے جبکہ کاروباری افراد کو بھی کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

