پشاور:خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں، آندھی اور بجلی گرنے کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف مقامات پر چھتیں اور دیواریں منہدم ہونے کے واقعات پیش آئے، جن میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش، تند ہواؤں اور آسمانی بجلی سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ سامنے آگئی۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے باعث 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 33 افراد کو مختلف نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
جاں بحق افراد میں 2 بچے، 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 7 مرد، 12 خواتین اور 14 بچے شامل کیے گئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ افسوسناک واقعات بنوں، شانگلہ اور مانسہرہ کے اضلاع میں پیش آئے۔
ادھر خیبرپختونخوا کے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرات میں بھی اضافہ ہوگیا۔ شدید گرمی اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس کے نتیجے میں اچانک سیلاب آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے، اس لیے ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات پر مسلسل نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
تیز بارشوں ، آندھی سے خیبر پختونخوا میں 7 جاں بحق، درجنوں زخمی، پی ڈی ایم اے

