نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
حیسکو اور واپڈا کی مبینہ ناانصافیوں، طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اضافی بلنگ کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے شیراز چوک سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی نواب شاہ پریس کلب پہنچی، جہاں مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا۔
اس موقع پر سندھ ترقی پسند پارٹی کے رہنماؤں شاہنواز کیریو، علی خان مگسی، زاہد وسطڑو، علی نواز کاتیار اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواب شاہ میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے باوجود حیسکو کی جانب سے 18، 18 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس کے باعث شہری اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں۔ بجلی کے بلوں میں ناجائز ڈیڈکشن، اضافی سرچارجز اور بھاری جرمانے شامل کرکے عوام کو معاشی طور پر مفلوج کیا جا رہا ہے، جبکہ بااثر شخصیات کے علاقوں میں بلوں کی عدم ادائیگی کے باوجود نہ صرف بجلی کی فراہمی جاری رکھی گئی ہے بلکہ وہاں لوڈشیڈنگ بھی نہیں کی جاتی، جو کھلی ناانصافی اور امتیازی سلوک ہے۔

