اسلام آباد(رپورٹ: عاشر علی)
دارالحکومت میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل اور شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایک بڑے اور اہم منصوبے پر عملی کام کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت اسلام آباد کے خوبصورت ترین راستے مارگلہ ایونیو کو اب براہِ راست M-1 موٹروے سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف سفر کا وقت آدھا رہ جائے گا بلکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دبا بھی نمایاں حد تک کم ہو جائے گا۔ سی ڈی اے ذرائع کے مطابق مارگلہ ایونیو کے آخری سرے کو سنگجانی کے مقام پر ایک جدید انٹرچینج کے ذریعے موٹروے سے جوڑا جائے گا تاکہ اسلام آباد کے شمالی سیکٹرز، بشمول ای اور ایف سیریز اور نئے ترقی پانے والے سیکٹرز سی-14، سی-15 اور سی-16 کے مکینوں کو شہر کے رش میں پھنسے بغیر براہِ راست موٹروے تک رسائی مل سکے۔ اس لنک روڈ کی تعمیر سے سری نگر ہائی وے اور آئی جے پی روڈ پر گاڑیوں کا بوجھ تقسیم ہو جائے گا جو اب تک موٹروے تک رسائی کے لیے مرکزی راستے تصور کیے جاتے تھے۔ اس منصوبے کے نتیجے میں سنگجانی سے اسلام آباد کے مرکز یعنی بلیو ایریا تک کا سفر جو پہلے 45 منٹ لیتا تھا، اب محض 15 سے 20 منٹ میں طے ہو سکے گا۔ مزید برآں، جی ٹی روڈ اور خیبر پختونخوا سے آنے والی ٹریفک بھی شہر کے گنجان آباد علاقوں میں داخل ہوئے بغیر مارگلہ ایونیو کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکے گی۔ سی ڈی اے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔


