نیویارک/لاہور (ویب ڈیسک): امریکی جریدے ’نیویارک ٹائمز‘ نے اپنی ایک حالیہ اور سنسنی خیز رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ کرکٹ کی دنیا پر بھارت کی اجارہ داری اور بڑھتے ہوئے سیاسی اثر و رسوخ نے اس عالمی کھیل کو ’یرغمال‘ بنا لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، بھارتی ہٹ دھرمی اور کھیلوں میں سیاست کی مداخلت نے نہ صرف کرکٹ کے معیار کو متاثر کیا ہے بلکہ اس کی مالیاتی ساکھ کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔
پاک بھارت ٹکراؤ اور بائیکاٹ کی لہر
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت کے سخت گیر رویے کے باعث ٹی 20 ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ یعنی پاک بھارت میچ منسوخی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ پاکستان نے اس صورتحال میں ایک دلیرانہ اور اصولی موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کھیلوں کے میدان میں سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان عالمی کرکٹ کے لیے ایک ’ہڑتال‘ کی صورت اختیار کر گیا ہے، جس میں بنگلہ دیش نے بھی پاکستان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
اربوں ڈالر کا مالیاتی دھچکا
نیویارک ٹائمز کے مطابق، پاک بھارت میچ کی منسوخی سے آئی سی سی کو تقریباً 250 ملین ڈالر کے ریونیو کا نقصان پہنچنے کی توقع ہے۔ یہی نہیں، بلکہ میڈیا رائٹس ہولڈر ’جیو اسٹار‘ (JioStar) کو پہنچنے والے شدید مالی نقصانات کی وجہ سے آئی سی سی اب اپنے 3 ارب ڈالر کے بھاری بھرکم معاہدے پر نظر ثانی کرنے پر مجبور ہو گئی ہے۔
آئی سی سی پر بھارتی ’شاہی‘ گرفت
امریکی جریدے نے بھارتی اجارہ داری کی جڑوں پر وار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ بھارت آئی سی سی کے مجموعی منافع کا تقریباً 40 فیصد حصہ اکیلا وصول کرتا ہے۔ رپورٹ میں خاص طور پر آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ کا تذکرہ کیا گیا، جو بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کے صاحبزادے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق باپ اور بیٹے کا یہ تعلق کرکٹ میں بھارت کے بڑھتے ہوئے سیاسی اثر و رسوخ کی سب سے بڑی علامت بن چکا ہے، جس نے آئی سی سی کو ایک کٹھ پتلی ادارے میں تبدیل کر دیا ہے۔
علاقائی تنازعات اور کھیل کی بربادی
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اپریل 2025 میں ہونے والے پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والے فوجی تنازع نے کرکٹ کے ماحول کو مزید زہریلا کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کی سابقہ وزیراعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کے مطالبے نے بھارت اور بنگلہ دیش کے سفارتی تعلقات میں جو دراڑ ڈالی، اس کے اثرات اب کرکٹ گراؤنڈز میں بھی صاف نظر آ رہے ہیں۔
عالمی کرکٹ کا مستقبل داؤ پر
نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ کے اختتام پر خبردار کیا ہے کہ بھارت کی یہ مالی اور سیاسی اجارہ داری عالمی کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک ’خطرناک زہر‘ ثابت ہو سکتی ہے۔ اگر آئی سی سی پر بھارتی دباؤ اسی طرح برقرار رہا تو کھیل کا معیار گرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کرکٹ کا مالیاتی استحکام مکمل طور پر تباہ ہو سکتا ہے۔
کرکٹ یا سیاست کا اکھاڑا؟ بھارت نے عالمی کھیل کو ’یرغمال‘ بنا لیا،نیویارک ٹائمز

