کراچی: شہرِ قائد کی ایک مصروف ترین شاہراہ پر نصب ایس ایم ڈی (SMD) اسکرینز پر سائبر حملے کے نتیجے میں سسٹم ہیک کر لیا گیا، جس کے باعث چند لمحوں کے لیے غیر اخلاقی مواد نشر ہوا۔ اس واقعے نے شاہراہ پر گزرنے والے شہریوں میں شدید غم و غصہ اور تشویش پیدا کر دی۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اچانک شاہراہ پر لگی بڑی ڈیجیٹل اسکرینز کا کنٹرول نامعلوم ہیکرز نے سنبھال لیا۔ اسکرینز پر غیر مناسب مواد چلنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ بلدیاتی حکام حرکت میں آگئے۔
حکام نے صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر ان اسکرینز کی بجلی منقطع کر دی اور انہیں بند کر کے صورتحال پر قابو پا لیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی واقعے کی اطلاع ملی، تکنیکی ٹیموں نے سسٹم کو آف کر دیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کے سائبر کرائم ونگ کو مطلع کر دیا گیا ہے تاکہ ہیکرز کا سراغ لگایا جا سکے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ایک سوچی سمجھی سائبر واردات معلوم ہوتی ہے جس کا مقصد عوامی مقامات پر لگے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھانا تھا۔ حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا یہ حملہ مقامی سطح پر کیا گیا یا اس میں بیرونِ ملک سے کوئی ہیکر گروہ ملوث ہے۔

