مٹیاری (رپورٹ: عامر علی انڑ)

صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان کے آبائی ضلع مٹیاری میں آٹے کی قیمتیں بے قابو ہو گئیں۔ مٹیاری شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف شہروں اور دیہات میں آٹا سرکاری نرخوں کے بجائے مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے، جس کے باعث عام شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
شہریوں کے مطابق دکاندار مبینہ طور پر سرکاری نرخ ناموں کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنی مرضی کی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے سے دکانداروں اور بعض مل مالکان کے حوصلے بلند ہیں، جبکہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئی نمایاں قدم نظر نہیں آ رہا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور بالخصوص ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی نگرانی اور کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ آخر سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کیوں یقینی نہیں بنایا جا رہا، جس سے مہنگائی کے ستائے عوام کا گھریلو بجٹ مزید متاثر ہو رہا ہے۔
شہریوں نے صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان، ڈپٹی کمشنر مٹیاری اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ آٹے کی دکانوں اور فلور ملوں کی سخت جانچ پڑتال کی جائے، ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنا کر شہریوں کو ریلیف دیا جائے۔


