کویت سٹی (ویب ڈیسک)
کویت میں ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش میں کیے گئے ڈرون حملے کے نتیجے میں دو اطالوی شہری ہلاک جبکہ ایک پاکستانی اور ایک کویتی شہری زخمی ہو گئے۔ کویتی حکام کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری ایران پر عائد کی جا رہی ہے، تاہم تہران نے ان الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ۔کویتی وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل (اسٹاف کرنل) سعود عبدالعزیز العطوان کے مطابق ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے متعدد ڈرون طیاروں کا بروقت سراغ لگا کر فضائی دفاعی نظام کے ذریعے انہیں فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ تاہم، تباہ ہونے والے ڈرونز کا ملبہ گرنے سے موقع پر موجود چار افراد شدید زخمی ہوئے، جن میں سے دو اطالوی شہری دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں اطالوی شہری جرمن دفاعی کمپنی "رائن میٹل” (Rheinmetall) کے اطالوی ذیلی ادارے سے وابستہ تکنیکی ماہرین تھے جو وہاں تعینات تھے۔ زخمی ہونے والے ایک پاکستانی اور ایک کویتی شہری کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ ملبہ گرنے سے املاک کو بھی نقصان پہنچا اور لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔
اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی اور وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ متحدہ عرب امارات، اردن اور یورپی یونین نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کویت کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کویت پر حملے میں ایران کے ملوث ہونے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے خطے میں کوئی فوجی یا جارحانہ کارروائی نہیں کی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی اس واقعے کو "جنگ کا پہلے سے تیار کردہ نسخہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی بڑھانے کے لیے ایران پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔


