کمالیہ ( بے نقاب نیوز)
ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ میں رجانہ روڈ پر ایک تیز رفتار کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 بچوں اور 2 خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ کمالیہ کے علاقے رجانہ روڈ پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ کار بری طرح تباہ ہو گئی اور اس میں سوار 3 مردوں، 2 خواتین اور 6 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے تمام 11 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی اچانک موت کی خبر پھیلتے ہی کمالیہ اور گردونواح میں شدید سوگ کی فضا چھا گئی اور متاثرہ خاندان کے گھر کے باہر سوگواران کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔


