قصور (نمائندہ خصوصی سلطان فرید): تھانہ صدر پھولنگر پولیس نے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے فیکٹری ورکرز کو منشیات سپلائی کرنے والے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے 8 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ صدر پھولنگر اسلم بھٹی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائی کرنے والے گروہ کے 4 ارکان کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت مظہر عرف مظہری (سکنہ کانویں ملیاں)، کاشف (سکنہ بہاولپور)، عامر عرف عامری (سکنہ خانکے) اور یعقوب (سکنہ جمبر) کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے منشیات سپلائی کا ایک گروہ تشکیل دے رکھا تھا جو پھولنگر کی حدود میں فیکٹری ورکرز کو منشیات فروخت کرتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 8 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کر کے ان کے خلاف امتناع منشیات کی دفعات کے تحت 4 الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ’ڈرگ فری پنجاب‘ کے تحت منشیات کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔


