واشنگٹن (ویب ڈیسک)
امریکہ کے مشرقی ساحلی علاقوں اور مڈویسٹ ریاستوں میں قومی تہوار ’تھینکس گیونگ‘ کے موقع پر آنے والے شدید طوفان، موسلادھار بارش اور برفباری نے نظامِ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ تیز ہواؤں اور سیلابی صورتحال کے باعث ملک بھر میں 8 لاکھ 36 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق مشرقی ساحلی پٹی پر ہواؤں کی رفتار 112 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور بجلی کی ترسیل کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ نیویارک، نیو جرسی، پنسلوانیا، میری لینڈ، ورجینیا، ڈیلاویئر، کنیکٹیکٹ اور میساچوسٹس سمیت متعدد ریاستیں اس طوفان کی لپیٹ میں ہیں۔
طوفانی موسم کے باعث تھینکس گیونگ کی تعطیلات پر سفر کرنے والے ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔ جمعرات کے روز 400 سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ تقریباً 1,600 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث پروازوں کی آمد و رفت معطل کرنی پڑی، جبکہ واشنگٹن اور نیویارک کے ایئرپورٹس سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ساحلی علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے متعدد پل اور اہم شاہراہیں بھی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
خراب موسم اور تیز ہواؤں کے پیشِ نظر نیویارک کی تاریخی ’میسیز تھینکس گیونگ ڈے پریڈ‘ بھی ملتوی کر دی گئی ہے۔ منتظمین کے مطابق اس ایونٹ کی 100 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث پریڈ کو مؤخر کیا گیا ہے، جو اب ہفتے کے روز منعقد کی جائے گی۔
دوسری جانب مڈویسٹ ریاستوں، بالخصوص مشرقی میزوری میں ایک فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ الینوائے، کینٹکی اور ٹینیسی میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر امریکہ کے مغربی ساحل پر کیلیفورنیا اور شمال مغربی ریاستوں میں بھی سمندری طغیانی اور تیز ہواؤں کے باعث ساحلی علاقوں میں پانی داخل ہو گیا ہے اور پیسیفیکا بیچ کے مشہور گھاٹ (Pier) کا ایک حصہ منہدم ہو گیا ہے۔
امریکی محکمہ موسمیات (NWS) کے مطابق جمعہ کی رات تک طوفانی سسٹم کی شدت میں بتدریج کمی آنے کا امکان ہے، تاہم شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


