لاہور (ویب ڈیسک): موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی فضا میں سموگ کی بڑھتی ہوئی شدت نے سانس کے مسائل کے ساتھ ساتھ آنکھوں کی بیماریوں میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ کر دیا ہے۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سموگ میں شامل باریک اور زہریلے ذرات (PM2.5)، سلفر ڈائی آکسائیڈ اور نائٹروجن آکسائیڈ آنکھوں کی حساس بیرونی جھلی کو براہِ راست نقصان پہنچا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو جلن، سرخی، خشکی، خارش اور آنکھوں سے پانی بہنے جیسی شکایات کا سامنا ہے۔
ماہرینِ امراضِ چشم کے مطابق سموگ کے دوران بیرونی تحفظ سب سے اہم ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گھر یا دفتر سے باہر نکلتے وقت معیاری دھوپ کا چشمہ یا سائیڈ شیلڈ والے حفاظتی چشمے استعمال کریں تاکہ ہوا میں موجود زہریلے ذرات آنکھوں تک نہ پہنچ سکیں۔ ماہرین نے کونٹیکٹ لینز استعمال کرنے والے افراد کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ سموگ کے دنوں میں لینز لگانے سے پرہیز کریں اور نظر کا چشمہ ترجیحاً استعمال کریں، کیونکہ زہریلے ذرات لینز کے نیچے پھنس کر شدید انفیکشن یا کارنیا کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ خاص طور پر صبح سویرے اور شام کے اوقات میں جب سموگ کی شدت عروج پر ہوتی ہے، غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنا چاہیے۔
طبی ماہرین نے صفائی اور نمی برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خارش یا جلن کی صورت میں ہاتھوں سے آنکھوں کو ہرگز نہ ملا جائے کیونکہ اس سے ذرات آنکھ کی پتلی کو رگڑ کر زخمی کر سکتے ہیں۔ باہر سے گھر واپس آنے پر فوری طور پر صاف اور ٹھنڈے پانی سے آنکھیں دھونے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ گرد و غبار اور آلودگی کے اثرات زائل ہو سکیں۔ آنکھوں میں خشکی محسوس ہونے کی صورت میں ماہرِ چشم کے مشورے سے مصنوعی آنسوؤں والے قطرے (Lubricating Drops) استعمال کیے جا سکتے ہیں، تاہم ڈاکٹر کی تجویز کے بغیر سٹیرائڈز والے قطرے ڈالنے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔
غذائی اور طرزِ زندگی کی احتیاطوں کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ دن بھر مناسب مقدار میں پانی پینے سے جسم اور آنکھوں کو خشکی سے بچایا جا سکتا ہے، جبکہ وٹامن اے، سی، ای اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذاؤں جیسے گاجر، پالک، مچھلی، بادام اور مالٹے کا استعمال آنکھوں کی قوتِ مدافعت کو مضبوط بناتا ہے۔ اس کے علاوہ سکرین ٹائم محدود رکھنے اور وقفے وقفے سے پلکیں جھپکاتے رہنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی شخص کو آنکھوں میں شدید درد، دھندلا پن یا مسلسل پیلا یا سبز مواد خارج ہونے جیسی علامات ظاہر ہوں تو گھریلو ٹوٹکوں پر انحصار کرنے کے بجائے فوری طور پر مستند ماہرِ امراضِ چشم سے معائنہ کرایا جائے۔


