میاں چنوں (بے نقاب نیوز، رپورٹر عاصم کمال)

چند روز قبل تیز رفتار کار کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والا غریب محنت کش نوجوان ملتان کے نشتر ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والا نوجوان شدید غربت کے باعث رات گئے لاری اڈا میں گرم انڈے فروخت کر کے اپنے گھر کا چولہا جلاتا تھا اور اپنی بیمار والدہ کا واحد سہارا تھا۔ چند روز قبل پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں وہ شدید زخمی ہو گیا تھا، جسے تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔
نوجوان کی اچانک وفات پر علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی ہے جبکہ اس کی بیمار ماں شدت غم سے نڈھال ہے۔ دوسری جانب متوفی کے ورثاء نے مقامی پولیس پر حادثے کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی سے گریز کرنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔
غمزدہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غریب خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے اور حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔


