خوشاب (نمائندہ بے نقاب نیوز / راجہ نورالہی عاطف)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خوشاب محمد طاہر علی کے احکامات اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر (ڈی ٹی او) سید قمر اقبال حیدر کی زیرِ نگرانی ٹریفک پولیس خوشاب نے کرشنگ سیزن کے دوران ٹریفک حادثات کی روک تھام اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے عملے نے چوک گروٹ سے آدھی کوٹ تک مختلف ٹالز اور لوڈنگ پوائنٹس کا دورہ کیا، جہاں گنے کی ٹرالیوں اور دیگر سامان بردار گاڑیوں پر لوڈنگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ٹریفک حکام نے ٹالز اور لوڈنگ پوائنٹس کے مالکان و منتظمین کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ:کسی بھی گاڑی یا ٹرالی پر مقررہ حد سے زائد سامان ہرگز لوڈ نہ کیا جائے۔بالخصوص گنے کی ٹرالیوں، لکڑی بردار گاڑیوں اور دیگر لوڈنگ وہیکلز میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سامان گاڑی کی سائیڈوں سے باہر نہ نکلا ہو۔لوڈنگ کے دوران حفاظتی اصولوں پر مکمل عملدرآمد کیا جائے تاکہ دورانِ سفر دیگر مسافروں اور روڈ یوزرز کی جان و مال کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہ ہو۔ٹریفک پولیس خوشاب کی جانب سے متنبہ کیا گیا ہے کہ اوور لوڈنگ کرنے، گاڑیوں سے باہر لکڑی کے ٹکڑے یا گنا نکالنے اور غیر محفوظ طریقے سے سامان لادنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


