جھڈو (نمائندہ خصوصی / قیصر راجہ راجپوت)

نوکوٹ میں گھر سے لاپتہ ہونے والی آٹھویں جماعت کی طالبہ کی تلاش میں کوئی پیش رفت نہ ہونے پر ورثاء اور اہلِ علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے رورل ہیلتھ سینٹر نوکوٹ کے سامنے نوکوٹ–جھڈو مرکزی شاہراہ پر دھرنا دے دیا۔ دھرنے کے باعث مصروف ترین شاہراہ پر دونوں اطراف سے ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہوگئی، جس سے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔احتجاج کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او نوکوٹ سید الطاف شاہ بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ ایس ایچ او کی جانب سے لاپتہ طالبہ کی فوری بازیابی اور تلاش میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروانے پر ورثاء نے اپنا دھرنا پرامن طور پر ختم کردیا، جس کے بعد نوکوٹ–جھڈو شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق بحال ہوگئی۔


