ہنگورجا (رپورٹ: فیاض محسن سولنگی)

ہنگورجا کے قریب گاؤں سائیں داد ڈہر میں مبینہ مسلح افراد نے گھر کے سامنے میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنا کر موبائل فون اور ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی لوٹ لی۔ مزاحمت کرنے پر شوہر الطاف حسین ڈہر کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ان کی آنکھ، ناک اور بائیں ہاتھ کی انگلی کی ہڈیاں فریکچر ہوگئیں۔متاثرہ الطاف حسین ڈہر نے سٹی پریس کلب ہنگورجا پہنچ کر صحافیوں کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے ہی گاؤں کے رہائشی شکيل ڈہر، محبت ڈہر، عمران ڈہر، زنوار ڈہر اور دیگر افراد نے تین روز قبل ان کے گھر کے سامنے ان پر اور ان کی اہلیہ پر حملہ کیا اور اسلحے کے زور پر موبائل فون اور ڈیڑھ لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔ حملے کے دوران ملزمان نے انہیں لاتوں اور مکوں سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں گاؤں کے لوگوں نے موقع پر پہنچ کر انہیں زخمی حالت میں گھر منتقل کیا۔ متاثرہ شخص کے مطابق انہوں نے ہنگورجا تھانے سے میڈیکل لیٹر حاصل کرکے رورل ہیلتھ سینٹر ہنگورجا سے علاج بھی کروایا ہے۔ واقعے کی این سی ہنگورجا تھانے میں درج کروانے کے باوجود تین روز گزرنے پر بھی پولیس مبینہ ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی، جس کے باعث وہ اور ان کی اہلیہ خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔متاثرہ شخص نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی خیرپور سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر نامزد ملزمان کو گرفتار کیا جائے، لوٹا گیا موبائل فون اور ڈیڑھ لاکھ روپے واپس دلائے جائیں اور انہیں تحفظ فراہم کرکے انصاف یقینی بنایا جائے۔


