چنیوٹ (فرحان بلال سے)
ایڈیشنل سیکرٹری ایریگیشن پنجاب عثمان خالد نے ڈپٹی کمشنر آفس چنیوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف کے ہمراہ اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں نہری پانی چوری کی روک تھام، آبیانہ ریکوری، حکومتی احکامات پر عملدرآمد اور دیگر محکمانہ امور کے حوالے سے جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ایس ای ایریگیشن نے ضلع اور ریجن میں نہری پانی کی چوری کی روک تھام، آبیانہ کی وصولی، جاری اقدامات اور مجموعی محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں نہری پانی کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے، پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور آبیانہ ریکوری کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ،اسسٹنٹ کمشنرز، ریجن بھر کے ایریگیشن افسران، پولیس افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری ایریگیشن پنجاب عثمان خالد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نہری پانی چوری کی روک تھام، آبیانہ ریکوری میں بہتری اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری رکھے جائیں تاکہ زرعی ضروریات کے مطابق پانی کی منصفانہ تقسیم اور محکمانہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جا سکے


