جلال پور پیر والا (رپورٹ: ملک جابر عباس سے)
جلال پور پیر والا کے نواحی علاقے بس ٹوبے والا، بہشتی نہر کے قریب نامعلوم چور ایک غریب محنت کش کے گھر سے بکریاں چوری کرکے لے گئے۔ واردات کے باعث متاثرہ خاندان کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، جو روزانہ محنت مزدوری کرکے اپنے گھر والوں کا پیٹ پالنے کی کوشش کرتا ہے۔اہلِ علاقہ کے مطابق دیہی علاقوں میں چوری کی وارداتوں کے باعث غریب شہریوں کی جمع پونجی اور مال مویشی غیر محفوظ ہوتے جا رہے ہیں۔ محنت مزدوری کرکے زندگی گزارنے والے افراد کے لیے بکریاں اور دیگر مویشی ہی روزگار اور گھر کے اخراجات پورے کرنے کا سہارا ہوتے ہیں، لیکن جب نامعلوم چور رات کی تاریکی میں ان کے گھروں کو نشانہ بناتے ہیں تو متاثرہ خاندان شدید مشکلات سے دوچار ہوجاتے ہیں۔شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر غریب عوام اپنے گھروں اور مال مویشیوں کی حفاظت کے لیے کس سے فریاد کریں؟ اگر دیہی علاقوں میں چوری کی وارداتوں کا سلسلہ جاری رہا اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو محنت کش طبقہ مزید معاشی مشکلات کا شکار ہوسکتا ہے۔اہلِ علاقہ نے پولیس اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بس ٹوبے والا اور بہشتی نہر کے اطراف علاقوں میں گشت بڑھایا جائے، واردات میں ملوث نامعلوم ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔


