واشنگٹن : ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تہران کی جانب سے ممکنہ انتقامی کارروائیوں کے خوف نے امریکی حکومت کے اعلیٰ ترین عہدیداروں کو اپنی نجی رہائش گاہیں چھوڑ کر فوجی چھاؤنیوں میں پناہ لینے پر مجبور کر دیا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش بھی اب واشنگٹن کے قریب ایک انتہائی محفوظ فوجی اڈے پر منتقل ہو چکے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ ٹوڈ بلانش کی اس اچانک منتقلی کی باضابطہ وجہ ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی، تاہم یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کے اہم اراکین کو ایران سے منسلک شدید سکیورٹی خطرات لاحق ہیں۔ اس سے قبل امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی ایران کی جانب سے مبینہ جان لیوا دھمکیوں کے بعد اپنی رہائش گاہ چھوڑ کر ایک فوجی اڈے میں سکونت اختیار کر لی تھی۔ واضح رہے کہ اسکاٹ بیسنٹ تہران کے خلاف واشنگٹن کی سخت ترین معاشی جنگ اور پابندیوں کی مہم کی براہِ راست قیادت کر رہے ہیں۔
رپورٹس میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ خوف و ہراس کی اس لہر کے باعث صرف اٹارنی جنرل اور وزیرِ خزانہ ہی نہیں، بلکہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر بھی اپنی معمول کی رہائش گاہیں ترک کر کے سخت پہرے والی محفوظ سرکاری و عسکری قیام گاہوں میں منتقل ہو چکے ہیں۔

