نیویارک : عالمی کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جہاں بٹ کوائن کی قیمت گزشتہ تین ماہ میں پہلی بار 70 ہزار ڈالر کی نفسیاتی حد سے نیچے گر گئی ہے۔
بانڈ ییلڈز (منافع کی شرح) میں اضافے اور مہنگائی کے توقعات سے زیادہ اعداد و شمار نے امریکی فیڈرل ریزرو پر دباؤ برقرار رکھا ہے، جبکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اسپاٹ بٹ کوائن ای ٹی ایفز سے 2.5 ارب ڈالر سے زائد کا سرمایہ نکال لیا گیا ہے۔
مارکیٹ رپورٹ کے مطابق بٹ کوائن کے 70 ہزار ڈالر کی سطح توڑتے ہی فیوچرز مارکیٹ میں تیزی (لانگ پوزیشنز) پر داؤ لگانے والے سرمایہ کاروں کے ایک ارب ڈالر سے زائد کے سودے خودکار طریقے سے ختم (Liquidated) ہو گئے، جس سے فروخت کے دباؤ میں مزید شدت آ گئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حقیقی شرحِ سود میں اضافے اور امریکی ڈالر کی مضبوطی نے ایسے اثاثوں کو شدید متاثر کیا ہے جو براہِ راست منافع نہیں دیتے، جبکہ عالمی و مقامی سیاسی غیر یقینی صورتحال نے بھی سرمایہ کاروں کے خطرہ مول لینے کے رجحان کو کمزور کر دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق کرپٹو کرنسی تاحال ایک انتہائی پرخطر اثاثے کے طور پر ہی ٹریڈ کر رہی ہے، اور جب مارکیٹ میں ییلڈز بڑھتی ہیں اور نقدی کی روانی (Liquidity) کم ہوتی ہے تو ادھار لے کر کی جانے والی سرمایہ کاری (Leverage) مندی کی لہر کو مزید خوفناک بنا دیتی ہے۔

