پرتھ:
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں میزبان آسٹریلیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلوی باؤلرز کا پلڑا مکمل طور پر بھاری رہا۔ آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو ان کے باؤلرز نے درست ثابت کر دکھایا۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم صرف 33.4 اوورز میں 131 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن نے سب سے زیادہ 29 رنز بنائے، جبکہ اپنے کیریئر کا 200 واں ون ڈے میچ کھیلنے والے جو روٹ صرف 17 رنز ہی بنا سکے۔ آسٹریلیا کے نوجوان فاسٹ باؤلر ماہلی بریڈمین (Mahli Beardman) نے اپنے پہلے ہی ون ڈے میچ میں تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے خطرناک باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 24 رنز دے کر انگلینڈ کے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یہ آسٹریلوی مرد کرکٹ کی تاریخ میں ون ڈے ڈیبیو پر بہترین باؤلنگ فگرز ہیں۔ اس کے علاوہ اسپینسر جانسن نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا نے 132 رنز کا ہدف صرف 23.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ کپتان مچل مارش نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 30 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 50 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔شاندار بولنگ پر ماہلی بریڈمین کو ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

