راولپنڈی/پشاور/کوئٹہ: ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کے ساتھ سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 74 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ اطلاعات اور سکیورٹی اداروں کی بروقت حکمت عملی کی بنیاد پر کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد خطرناک کمانڈروں سمیت 74 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
عسکری حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے یہ آپریشنز دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گے۔

