قصور: قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے جشن کھڈیاں اسپورٹس فیسٹیول میں خطاب کرتے ہوئے قومی سیاست، تاریخی فیصلوں، پارلیمانی خودمختاری اور دہشت گردی کے پس منظر پر مفصل اور فکر انگیز گفتگو کی ہے۔
قائم مقام گورنر نے کہا کہ آج تعلیمی اداروں میں موجود نوجوان اس ملک کا روشن مستقبل ہیں جو کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اپنی منزلیں طے کریں گے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فکرِ اقبال کے مطابق "جہانِ تازہ اور افکارِ تازہ” کی بحث اب حکومتی ایوانوں اور اسمبلیوں سے غائب ہو چکی ہے اور وہاں صرف ہنگامہ آرائی نظر آتی ہے، جبکہ معاشرے کی بقا کے لیے نئی فکر اور مکالمہ ناگزیر ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی دینی و سیاسی خدمات کو قابلِ احترام قرار دیتے ہوئے قائم مقام گورنر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی "دلیل سے بات کرنے” کی خواہش کا خیرمقدم کیا جانا چاہیے، لیکن اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک عام شہری کے ناطے مولانا سے چند بنیادی سوالات اٹھائے:
افغان جنگ اور نجی فیصلے: سوویت یونین کے افغانستان پر حملے کے وقت جنگ میں شمولیت، مجاہدین اور امریکی حکومت کے ساتھ معاہدوں کے فیصلے کس پارلیمان سے منظور کروائے گئے تھے؟ انہوں نے کہا کہ ان فیصلوں کے نتیجے میں ہماری نسلیں آج بھی خوف، دہشت اور قربانیوں کے ماحول میں جینے پر مجبور ہیں۔
دہشت گردی کا پس منظر: وہ کون سے افکارِ تازہ تھے جن کے نتیجے میں دہشت گردی نے جنم لیا اور ہمارے اسکول، کالج، بازار، عدالتیں، پولیس اور فوج کو نشانہ بنایا گیا؟
سیاسی و مذہبی موقف میں تضاد: لیگل فریم ورک آرڈر (LFO) کو تسلیم کرنے، باوردی صدر (جنرل مشرف) کے انتخاب، متحدہ مجلس عمل (MMA) کے قیام اور حسبہ بل پر اختلافات کی علمی و سیاسی بنیادیں کیا تھیں؟
فرقہ وارانہ شریعت کا نفاذ: مسلک کی بنیاد پر شریعت نافذ کرنے کی تقسیم کیسے قابلِ قبول ہو سکتی ہے اور دیگر مسالک کے لوگ اپنے عقائد کے برخلاف قانون کیسے مان سکتے ہیں؟
ملک محمد احمد خان نے زور دیا کہ ماضی کے غلط فیصلوں کا حساب دیا جائے اور صرف زورِ خطابت سے اپنی پسند کی بات کو درست اور ناپسندیدہ کو غلط قرار نہیں دیا جا سکتا۔
قائم مقام گورنر نے نشاندہی کی کہ موجودہ دہشت گردی گزشتہ کئی دہائیوں کے غلط فیصلوں کا نتیجہ ہے، جس کے باعث ایک صوبے میں سیکورٹی چیلنجز کے پیشِ نظر گورنر راج کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے اور وہاں کی صوبائی حکومت تعاون نہیں کر رہی، جبکہ پارلیمان نے اکثریت سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے پاک فوج کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم افواجِ پاکستان سے بے پناہ محبت کرتی ہے اور ان کے جوانوں اور وردی پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے رافیل طیارے گرانے کے واقعے اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور آرمی چیف کی درازیِ عمر کے لیے دعا کی۔
نئے صوبوں یا انتظامی وحدتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر ذاتی رائے پوچھی جائے تو چھوٹے صوبے بہتر انداز میں مینیج کیے جا سکتے ہیں، تاہم اس نوعیت کے فیصلے پارٹی سربراہان کے اختیار میں ہیں۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے تعلیمی اداروں، خصوصاً صادق پبلک اسکول سمیت دیگر درسگاہوں کے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کی تربیت یافتہ طلبہ آج افواجِ پاکستان، طب، سیاست اور صحافت میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاست میں اختلافِ رائے کا احترام ہونا چاہیے اور گالی یا دھمکی کے بجائے صرف دلیل اور بصیرت سے بات کی جانی چاہیے
مولانافضل الرحمان ماضی کے غلط فیصلوں کا حساب دیں ، زور خطابت سے غلط صحیح نہیں ہوسکتا؟ قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان

