لاہور کی مقامی عدالت نے آذری خاتون ڈیانا کے اغوا کے مقدمے میں عینی شاہد کے اپنے بیان سے منحرف ہونے پر ملزم احمد تنویر اور دیگر ملزمان کے نام مقدمے سے خارج کردیے۔
ماڈل ٹاؤن کچہری میں غیرملکی خاتون ڈیانا کے اغوا اور زیادتی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ایک شہری نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔
شہری نے عدالت کو بتایا کہ اس نے مقدمے میں ملزمان کی شناخت غلطی سے کی تھی۔ شہری نے ملزمان کی ضمانت اور بریت پر بھی کوئی اعتراض نہ ہونے کا بیان دیا۔
عدالت نے شہری کے بیان کے بعد ملزم احمد تنویر اور دیگر ملزمان کو تھانہ اچھرہ میں درج اغوا کے مقدمے سے بری الذمہ قرار دے دیا۔
قبل ازیں، سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ویڈیو بیان میں آذری خاتون ڈیانا کا کہنا تھا کہ احمد تنویر نے ان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کی اور نہ ہی ان کے موبائل فون چھینے۔ انہوں نے اس سے قبل زیادتی کے حوالے سے دیے گئے بیانات کو دباؤ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
ویڈیو میں خاتون نے متعلقہ حکام سے مقدمہ ختم کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
بیان کے آغاز میں ڈیانا نے 9 اکتوبر کی تاریخ کا حوالہ دیا ، جس سے بظاہر یہ ویڈیو کچھ روز قبل ریکارڈ کیے جانے کا تاثر ملتا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے 27 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور ہونے کے باوجود احمد تنویر کو عدالت کے باہر سے دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔
ایک اور ویڈیو میں بھی ڈیانا کا کہنا تھا کہ احمد تنویر نے میرے ساتھ کوئی زبردستی نہیں کی۔ خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ وہ خود عدالت میں پیش ہونا چاہتی تھی لیکن مجھے بتایا گیا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے اور مجھے زبردستی پاکستان سے بھیج دیا گیا۔
"ملزمان کو غلطی سے پہچانا تھا!” ماڈل ٹاؤن کچہری میں گواہ کا بیان،ڈیانا کے اغوا کا مقدمہ ختم، احمد تنویر بری

