نواب شاہ (بیورو رپورٹ نفیس آرائیں)
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) حیدرآباد کی اپیل پر کوٹڑی کے صحافی باریجو برادران کے خلاف مبینہ انتقامی کارروائیوں، پولیس گردی اور صحافیوں کو ہراساں کرنے کے واقعات کے خلاف نواب شاہ کے صحافیوں نے پریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتال کی۔اس احتجاجی مظاہرے کے دوران نواب شاہ پریس کلب کے سینئر نائب صدر فدا حسین چانڈیو کی قیادت میں شریک صحافیوں نے باریجو برادران کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا اور ان کے خلاف ہونے والی مبینہ انتقامی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صحافیوں کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے کا اہم ستون اور عوام کی حقیقی آواز ہوتے ہیں، جو اپنے قلم اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ذریعے معاشرے میں ہونے والی ناانصافیوں، ظلم و زیادتیوں اور بدعنوانیوں کو بے نقاب کرتے ہیں۔ لیکن انتہائی افسوسناک امر ہے کہ آج صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران مختلف دباؤ، دھمکیوں، ہراسانی اور انتقامی ہتھکنڈوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقررین نے کہا کہ کوٹڑی میں صحافی باریجو برادران کے خلاف مبینہ کارروائیاں اور ان کے اہل خانہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ صحافیوں کے گھروں پر مبینہ چھاپوں، تشدد اور اہل خانہ کی تذلیل جیسے ہتھکنڈے کسی بھی مہذب معاشرے میں قطلاً قابلِ قبول نہیں ہیں۔ ایسے اقدامات کا واضح مقصد صحافیوں کو حقائق سامنے لانے اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے سے روکنا ہے۔مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے فی الفور مطالبہ کیا کہ:کوٹڑی کے صحافی باریجو برادران کے خلاف ہونے والی مبینہ انتقامی کارروائیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔تمام متعلقہ واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت قانونی کارروائی کی جائے۔صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔انہوں نے PFUJ اور ملک بھر کی تمام صحافتی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ صحافیوں کے خلاف ہونے والی زیادتیوں پر متحد ہو کر آواز بلند کریں اور آزادی صحافت کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر اور کلیدی کردار ادا کریں۔آخر میں صحافیوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ صحافی برادری اپنے ساتھیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی اور آزادی صحافت، صحافیوں کے وقار اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن احتجاج کا یہ سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔


