واشنگٹن: امریکی صدر نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکا کا نیا سفیر نامزد کر دیا ہے، جبکہ ان کی نامزدگی منظوری کے لیے امریکی سینیٹ کو بھجوا دی گئی ہے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق نیٹلی بیکر کی بطور امریکی سفیر پاکستان نامزدگی کا اعلان کیا گیا ہے۔
وہ اس وقت اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں بطور ناظم الامور (چارج ڈی افیئرز) خدمات انجام دے رہی ہیں۔نیٹلی بیکر سے قبل ڈونلڈ بلوم پاکستان میں امریکا کے سفیر تھے، جنہوں نے مئی 2022 میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور جنوری 2025 تک اس عہدے پر فائز رہے۔
ان کی روانگی کے بعد نیٹلی بیکر نے امریکی سفارتخانے میں ناظم الامور کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔نیٹلی بیکر ایک تجربہ کار امریکی سفارتکار ہیں۔
وہ اس سے قبل قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارتخانے کی ڈپٹی چیف آف مشن رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی محکمہ خارجہ میں شمالی افریقی امور کے دفتر کی ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔ان کے سابقہ سفارتی تجربے میں لیبیا میں ڈپٹی چیف آف مشن اور ناظم الامور، دبئی میں ایران ریجنل پریزنس آفس کی ڈپٹی ڈائریکٹر اور کویت میں اقتصادی امور کی کونسلر کے عہدے شامل ہیں۔
وہ 2009 سے 2011 تک لیبیا میں سیاسی و اقتصادی امور کی کونسلر بھی رہ چکی ہیں۔تعلیمی اعتبار سے نیٹلی بیکر نے پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلر ڈگری اور ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کیا ہے۔
انہوں نے 2017 میں امریکی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج سے امتیازی گریجویٹ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
دوسری جانب امریکی صدر نے جیفری کولائر کو متحدہ عرب امارات، بینیتا گن کو برونڈی، سنتھیا کیرشرٹ کو سینیگال اور گنی بساؤ، ایان مک کیری کو مالی جبکہ کرسٹی میک کارمک کو شمالی مقدونیہ میں امریکی سفیر نامزد کیا ہے۔

