کراچی کی انسدادِ منشیات کی عدالت میں منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران ملزمہ انمول عرف پنکی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئی۔ تفتیشی افسر کی جانب سے عدم سراغ کی رپورٹ پیش کیے جانے پر عدالت نے شریک ملزمہ نسیم بی بی کو مفرور قرار دے دیا اور ملزمان نسیم بی بی و جاوید کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی سمیت اشتہارات شائع کرنے کی ہدایت جاری کی۔
عدالت نے ملزمہ کو مقدمے کی نقل فراہم کرنے کے لیے 24 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے، جس کے بعد اس پر باقاعدہ فردِ جرم عائد کی جائے گی۔ علاوہ ازیں، اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ملزمہ کے اثاثے ضبط کرنے سے متعلق دائر درخواست پر عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے حتمی دلائل طلب کر لیے ہیں۔

