عمرکوٹ رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف
جنیوا (سوئٹزرلینڈ): انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ (IHRM) کے بانی و عالمی چیئرمین رانا بشارت علی خان اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر پییا رتنا مہاراجن نومبر 2026 میں اقوام متحدہ کے دو اہم انسانی حقوق فورمز میں شرکت کریں گے۔ وفد 23 نومبر کو جنیوا پہنچे گا جبکہ 28 نومبر کو واپسی روانہ ہوگا۔وفد اقوام متحدہ کے فورمز میں اقلیتوں کے حقوق، تعلیم اور روزگار تک مساوی رسائی، کاروباری سرگرمیوں سے متعلق انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے احتساب، خواتین اور نوجوانوں کی نمائندگی اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے اہم موضوعات پر اپنا مؤقف پیش کرے گا۔یہ فورم 26 اور 27 نومبر کو جنیوا کے پیلس آف نیشنز میں منعقد ہوگا، جس کا موضوع "علاقائی اقدامات اور باہمی تعاون کے ذریعے اقلیتی حقوق کا فروغ” ہے۔ اس فورم میں قومی، نسلی، مذہبی اور لسانی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی تجاویز اور سفارشات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اسی سلسلے میں 25 نومبر کو سول سوسائٹی کے نمائندوں اور اقلیتی امور کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے ساتھ مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوگا، جس میں مذہبی عدم برداشت، نفرت انگیزی، تعلیم اور روزگار میں مساوی مواقع اور اقلیتی برادریوں کی فیصلہ سازی میں شمولیت پر توجہ دی جائے گی۔جبکہ 23 سے 25 نومبر تک اقوام متحدہ کا 15واں فورم برائے کاروبار اور انسانی حقوق بھی منعقد ہوگا، جس میں مزدوروں کے محفوظ اور منصفانہ حالات، ملازمت کے شعبے میں امتیازی سلوک کے خاتمے اور متاثرہ افراد کو انصاف کی فراہمی جیسے معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔رانا بشارت علی خان برطانوی پاکستانی انسانی حقوق کے علمبردار ہیں اور تین دہائیوں سے زائد عرصے سے انسانی حقوق، سماجی خدمت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے 2018 میں جنیوا میں اقوام متحدہ کے ایک فورم سے اپنا پہلا خطاب کیا تھاڈاکٹر پییا رتنا مہاراجن کا تعلق نیپال سے ہے اور وہ آئی ایچ آر ایم کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے نوجوانوں کی تربیت، تعلیم، کمیونٹی اور بین المذاہب مکالمے کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ ایک آزاد رضاکارانہ تنظیم ہے، جس کی بنیاد 15 مارچ 2003 کو برطانیہ کے شہر برسٹل میں رکھی گئی۔ تنظیم کے مطابق اس کا نیٹ ورک 70 سے زائد ممالک میں پھیلا ہوا ہے اور اس کے دو لاکھ سے زائد رضاکار انسانی حقوق، اقلیتوں، مہاجرین اور امتیازی سلوک سے متاثرہ افراد کے حقوق کے لیے کام کر رہے ہیں۔جنیوا میں ہونے والی ان اہم سرگرمیوں کے دوران آئی ایچ آر ایم کا وفد عالمی انسانی حقوق کے ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے اقلیتوں کی مؤثر نمائندگی، مزدوروں کے حقوق اور انصاف تک رسائی کے فروغ کے لیے عملی سفارشات کی حمایت کرے گا۔

