لاہور: صوبائی وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے حالیہ بیان پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پسند ناپسند، سفارش اور قبضہ مافیا کا کلچر ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے چوہدری سالک حسین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ "اپنی مرضی کا ایک ڈی سی (DC) نہ لگنے پر اتنا غصہ جائز نہیں ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کسی کی فرمائش یا سفارش پر ڈپٹی کمشنر تعینات نہیں کرتیں۔”
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں اب سفارشوں کے ذریعے ڈیرے کے ملازموں کو پالنے اور رسہ گیروں کا راستہ بند ہو چکا ہے۔
صوبائی وزیرِ اطلاعات نے مریم نواز حکومت کے مساوی ترقیاتی ویژن پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بلا تفریق تمام شہروں میں ایک جیسے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیںجو لیپ ٹاپس، سکالرشپس، اور الیکٹرک بسیں لاہور کے بچوں اور شہریوں کو مل رہی ہیں، وہی ملتان، گجرات، رحیم یار خان، وہاڑی، ساہیوال اور سرگودھا کے شہریوں کو بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں ن کہا کہ مریم نواز نے پنجاب کے بجٹ کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں تک منتقل کیا ہے، اور جو صفائی کا نظام لاہور میں ہے وہی دیہاتوں میں بھی لاگو کیا گیا ہے۔
جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کسی کسان کو ٹریکٹر یا بچے کو لیپ ٹاپ دینے سے پہلے اس کی سیاسی وابستگی نہیں پوچھتیں۔
عظمیٰ بخاری نے ق لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "مریم نواز حکومت نے گجرات کی تاریخ میں پہلی بار 12 ارب روپے خرچ کیے ہیں۔ جو کام دہائیوں پہلے ہو جانے چاہیے تھے، وہ مریم نواز نے کر دکھائے۔”
"مریم نواز پہلی وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے سرکاری جہاز کے استعمال پر بھی اپنی جیب سے رقم کی ادائیگی کی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ "سالک حسین جس تھالی میں کھا رہے ہیں، اسی میں چھید مت کریں۔ بیان بازی سے پہلے اپنے بھائی شافع حسین سے حقائق معلوم کر لیتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔”
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کے تمام شہریوں کا صوبے کے خزانے اور وسائل پر اتنا ہی حق ہے جتنا لاہور کے کسی شہری کا ہے، اور مریم نواز شریف کی حکومت میں شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
"جس تھالی میں کھا رہے ہیں، اسی میں چھید نہ کریں”: سالک حسین کے بیان پر عظمیٰ بخاری کا مشورہ؛

