عمرکوٹ رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی
سامارو: گورنمنٹ ٹی او فی میل آفس میں چوری کی واردات، تالے توڑ کر سامان چوری
تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ کی تحصیل سامارو میں چوری کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں نامعلوم چوروں نے گورنمنٹ ٹی او فی میل آفس کو بھی نشانہ بنا ڈالا۔ چور مبینہ طور پر مرکزی گیٹ کی دیوار پھلانگ کر دفتر میں داخل ہوئے اور کمروں سمیت الماریوں کے تالے توڑ کر واردات کی، جبکہ دفتر کے باہر رکھی پانی کی موٹر بھی ساتھ لے اڑے۔
دو روز کی تعطیلات کے بعد جب عملہ دفتر پہنچا تو پانی کی موٹر غائب تھی، جبکہ دفتر کے کمروں اور الماریوں کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے۔ اس حوالے سے سینئر کلرک سید شیراز علی شاہ نے بتایا کہ دو روز کی چھٹی کے بعد آج دفتر پہنچے تو چوری کی واردات کا علم ہوا، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی، تاہم آخری اطلاعات تک پولیس موقع پر نہیں پہنچی تھی۔
دوسری جانب ضلع عمرکوٹ، بالخصوص سامارو اور گردونواح میں چوری کی وارداتوں میں اضافے پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل نیشنل پریس کلب سامارو کے نائب صدر شیر محمد بلوچ کے گھر میں بھی چوری کی واردات ہوئی تھی، جہاں اہلِ خانہ بھائی کی شادی میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے اور مبینہ طور پر چور گھر کا صفایا کر گئے۔
عوام اور شہریوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

