سیالکوٹ ۔سلیم احمد اعوان شیخو ۔
ٹریفک پولیس نے حادثات کی روک تھام کے لئے پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس کے اشتراک سے مشترکہ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 18 مقدمات درج کرنے کے ساتھ ساتھ 16 ملزمان گرفتار ہوئے ہیں جبکہ 976 گاڑیوں کے چالان اور 12 لاکھ 83 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی خصوصی ہدایات پر ٹریفک حادثات کی روک تھام، قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور شاہراہوں پر محفوظ سفری ماحول کی فراہمی کے لئے سیالکوٹ پولیس نے ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس کے اشتراک سے مشترکہ کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے جبکہ خصوصی مہم کے تحت اہم شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر تیز رفتاری، خطرناک ڈرائیونگ، ون ویلنگ، بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے، اوور لوڈنگ اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ بالخصوص ٹریکٹر ٹرالیوں اور بھاری گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران لائٹس، ریفلیکٹرز، غیر محفوظ لوڈنگ اور دیگر حفاظتی انتظامات کی خلاف ورزیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے متعلقہ افیسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع پولیس، ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس مؤثر باہمی رابطے سے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضع کیا کہ مہم کا مقصد محض چالان اور جرمانے نہیں بلکہ حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی جانوں کا تحفظ ہے۔انھوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ چند لمحوں کی غفلت کسی خاندان کے لیے عمر بھر کا سانحہ بن سکتی ہے۔ شہری ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اپنائیں، جبکہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

