بھریا سٹی رپورٹر: مجاہد علی مغل
نوشہرو فیروز سول اسپتال میں جعلی خاتون ڈاکٹر کا انکشاف نوشہرو فیروز کی سول اسپتال کے دل کے وارڈ میں ایک غیر تربیت یافتہ اور غیر رجسٹرڈ عورت ڈاکٹر بن کر سفید ایپرن پہن کر ڈیوٹی کر رہی تھی۔ذرائع کے مطابق اس خاتون کے پاس کوئی میڈیکل ڈگری نہیں تھی اور وہ مریضوں کا علاج کر رہی تھی۔ وارڈ کے عملے سے پوچھا گیا تو بتایا گیا کہ یہ کام کوئی بھی کر سکتا ہے۔وارڈ میں داخل مریضوں نے اس پر شک کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں کو اطلاع دی۔ صحافیوں کی ٹیم جب دل کے وارڈ میں پہنچی تو جعلی خاتون ڈاکٹر صحافیوں کو دیکھ کر گھبرا گئی اور سوالات کے جواب دیے بغیر وارڈ سے چلی گئی۔صحافیوں نے اس سے تعلیمی قابلیت، میڈیکل ڈگری، پی ایم ڈی سی رجسٹریشن اور اسپتال میں تقرری کے حوالے سے سوالات کیے، لیکن وہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکی۔مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون کافی عرصے سے ڈاکٹر کا روپ دھار کر اسپتال میں کام کر رہی ہے، جو مریضوں کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔مریضوں اور شہریوں نے اعلیٰ حکام، سیکرٹری صحت اور ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
نوشہرو فیروز: سول اسپتال کے دل کے وارڈ میں جعلی خاتون ڈاکٹر کا انکشاف، صحافیوں کے پہنچنے پر فرار


