دیر بالا (سدیس شیخ / ڈسٹرکٹ رپورٹر)
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے کم سن بچے پر تشدد کے دلخراش واقعے پر دیر بالا پولیس کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ ریجنل پولیس آفیسر (RPO) ملاکنڈ زاہد نواز مروت کے احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) دیر بالا اسلم نواز کی خصوصی ہدایات پر ایس ڈی پی او سرکل واڑی فخر عالم خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ واڑی جوہر علی نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت ہمایوں اور مدثر (پسران فرمان اللہ)، جبکہ سہیل ولد میجر (ساکنان شینکاڑی، حال مقیم واڑی بالا) کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو مرکزی ملزمان کو بھی دبوچ لیا تھا، جس کے بعد اس گھناؤنے جرم میں گرفتار ملزمان کی مجموعی تعداد 5 ہو گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس میں ملوث باقی ماندہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کم سن بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے بہیمانہ واقعات میں ملوث تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔



