خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیر صدارت ضلعی کانفرنس ہال میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ایچ اے سمیت تمام متعلقہ محکموں کی کارکردگی، انتظامی امور اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو اے ڈی سی ایم ایس ذریاب ساجد اور پی ایچ اے کے متعلقہ افسر حسنات ظفر نے ادارے کی کارکردگی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز غزالہ کنول، سی ای او میونسپل کمیٹی خوشاب سندس رابیل، اسسٹنٹ پی ایچ اے حسنات ظفر، ٹیکس انسپکٹر محمد زبیر، گل محمد (میونسپل کمیٹی جوہرآباد)، محکمہ جنگلات کے نمائندگان، ڈسٹرکٹ ناظر محمد وقاص اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پی ایچ اے روزمرہ امور کی انجام دہی کے لیے ضروری مشینری اور آلات کی بروقت دستیابی کو ہر صورت یقینی بنائے۔ اداروں میں کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے خالی آسامیوں پر بھرتی کے عمل کو قواعد و ضوابط کے مطابق جلد شروع کیا جائے۔ پی ایچ اے، میونسپل کمیٹیوں، واسا اور محکمہ جنگلات کے افسران فیلڈ میں کام کرنے والے عملے کی خود نگرانی کریں تاکہ مقررہ اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس امر پر زور دیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور شہر کی خوبصورتی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔


