نئی دہلی:
بالی ووڈ کے معروف اور لیجنڈری گلوکار کمار سانو اپنی دیرینہ دوست اور نامور گلوکارہ الکا یاگنک کی طبعی صحت کا ذکر کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور لائیو شو کے دوران آبدیدہ ہو گئے۔کچھ عرصہ قبل بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ الکا یاگنک کو ایک نایاب طبی مسئلے ‘سینسرینورل ہیرنگ لاس’ (Sensorineural Hearing Loss) کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کی وجہ سے وہ اچانک سننے کی صلاحیت سے محروم ہو گئی تھیں۔ اس صدمے نے ان کے مداحوں سمیت پوری میوزک انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔حال ہی میں ایک معروف ریئلٹی سنگنگ شو کے دوران جب الکا یاگنک کی صحت اور ان کے ساتھ گزارے ہوئے سنہری دور کا تذکرہ ہوا، تو کمار سانو ماضی کی یادوں اور دوست کی تکلیف پر آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ الکا یاگنک کے ساتھ ان کا طویل اور خوبصورت فنی سفر رہا ہے اور دونوں نے مل کر ان گنت سدا بہار گانے انڈسٹری کو دیے ہیں۔کمار سانو نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ الکا یاگنک جیسی عظیم فنکارہ کو اس تکلیف میں دیکھ کر دل کو بہت دکھ ہوتا ہے۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ الکا یاگنک کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا کریں تاکہ وہ جلد از جلد اپنی جادوئی آواز کے ساتھ ایک بار پھر موسیقی کی دنیا میں واپس آ سکیں۔

