خوشاب (ڈسٹرکٹ رپورٹر)
ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حُسین کی زیر صدارت ضلع کے کانفرنس ہال میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام کے آلاٹیوں میں پے آرڈرز کی تقسیم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حُسین لابر نے تحصیل خوشاب، قائدآباد اور نورپور میں پروگرام کے آلاٹیوں میں پے آرڈر تقسیم کرنے کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر خُرم حمید، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب اُمت السلام، اے سی قائدآباد رمشاء رحمان، اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع عبدالماجد خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ اے سی نورپور شازیہ رحمان نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں حصہ لیا۔زراعت آفیسر عبدالماجد خان نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع خوشاب میں آلاٹیوں کو فی ایکڑ 25,000 روپے کے پے آرڈر دیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خوشاب نے کہا کہ "اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام کے تحت کامیاب خوش نصیب افراد کو 5 سال کے لیے 5 ایکڑ زرعی زمین فی ایکڑ 100 روپے سالانہ کی شرح پر لیز پر دی گئی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے زمین کاشت کرنے کے عوض آلاٹیوں کو پہلی قسط کی مد میں فی ایکڑ 25,000 روپے کے پے آرڈر دینا حکومت کا ایک بہترین اور احسن اقدام ہے، جس کا بنیادی مقصد بے روزگار افراد کو روزگار فراہم کرنا ہے۔آخر میں، ڈپٹی کمشنر خوشاب نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور زراعت آفیسر کو ہدایت کی کہ مکمل سروے کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ پے آرڈرز کی تقسیم کا یہ عمل شفاف انداز میں پایہ تکمیل کو پہنچ سکے۔


