عمرکوٹ (ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیورو چیف)
عمرکوٹ پریس کلب کے سال 2026ء کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری مزمل گیسٹ ہاؤس میں انتہائی پروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سندھ کے صوبائی وزیر برائے تعلیم و معدنیات سید سردار علی شاہ تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے صحافت کی اہمیت، صحافیوں کی ذمہ داریوں اور معاشرے میں میڈیا کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صحافت معاشرے کا ایک اہم اور ذمہ دار شعبہ ہے، جو عوامی مسائل کو اجاگر کرنے، عام لوگوں کی آواز اعلیٰ حکام تک پہنچانے اور معاشرے میں شعور بیدار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحافیوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سچائی، ایمانداری، غیرجانبداری اور پیشہ ورانہ اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے حلف کی پاسداری کریں، تاکہ عوام کو درست، مستند اور حقائق پر مبنی معلومات فراہم کی جا سکیں۔
سید سردار علی شاہ نے مزید کہا کہ صحافت محض خبریں شائع کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ عوام کو درپیش مسائل، تعلیم، صحت، بنیادی سہولیات، ترقیاتی کاموں اور سماجی معاملات کو مناسب انداز میں اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی تنقید کو تذلیل نہیں سمجھا، کیونکہ صحافیوں کی تعمیری تنقید سے ہی اصلاح کے راستے کھلتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سوشل میڈیا کے دور میں صحافت کے تقاضے بدل چکے ہیں، اس لیے نوجوان صحافیوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تربیت فراہم کی جانی چاہیے۔تقریب کے دوران عمرکوٹ پریس کلب کے سال 2026ء کے نومنتخب عہدیداران سے باقاعدہ حلف لیا گیا، جن میں درج ذیل نام شامل ہیں:صدر: امین محمد میمن نائب صدر: ممتاز آریسرجنرل سیکریٹری: مدن گوپال جوائنٹ سیکریٹری: محمد اسلم مہر خزانچی: نظر سمیجوپریس سیکریٹری: کانجی مل آفس سیکریٹری: ناہید حسین خٹک رابطہ سیکریٹری: سہیل کنبھر تقریب میں ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمٰن لاڑک، چیئرمین ضلع کونسل حاجی محمد بقا پلی، وائس چیئرمین میاں خالد ولہاری، اسسٹنٹ کمشنر رجب علی سٹھیو، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد اسلم بھٹی سمیت ضلع بھر سے سینئر صحافیوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وہ صحافتی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔


