ڈیرہ اسماعیل خان:
ڈی آئی خان میں کھیل کے میدان سے خوشیاں سمیٹ کر گھر لوٹنے والے نوجوانوں پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ والی بال میچ کے اختتام پر دو گروپوں کے درمیان پرانی رنجش پر فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا یہ دلخراش واقعہ علاقہ میں پیش آیا جہاں فریقین کے مابین کسی تنازع پر تلخ کلامی کے بعد نوبت فائرنگ تک پہنچ گئی۔ اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آ کر موقع پر ہی متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز کے مطابق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

