پشاور،رپورٹ : انور زیب خان
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے گورنر کو صوبے میں انسدادِ دہشت گردی، پبلک آرڈر اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ پولیس حکام نے درپیش مشکلات، جیسے جدید اسلحے کی خریداری میں تاخیر اور فورس میں افرادی قوت کی کمی سے آگاہ کیا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں خیبرپختونخوا میں جاری احتجاجی سرگرمیوں، لانگ مارچ اور پبلک آرڈر کو برقرار رکھنے کے سیکیورٹی پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ سی ٹی ڈی حکام نے دہشت گردی کی روک تھام اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے تمام سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے، اس لیے صوبے بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


