سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
سینٹ فرانسس کیتھولک چرچ فضل پورہ (سمبڑیال) میں سینٹ فرانسس اسیسی کی عید کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت فادر کلارنس حیات نے کی۔ہر سال 4 اکتوبر کو دنیا بھر میں فرانسسکن برادری سینٹ فرانسس اسیسی کا دن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ مناتی ہے، جس کے تسلسل میں سمبڑیال میں بھی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فادر کلارنس حیات نے سینٹ فرانسس اسیسی کی زندگی، روحانی خدمات اور عملی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ فرانسس نے اپنی زندگی یسوع المسیح کی تعلیمات، عاجزی، محبت، امن، خدمتِ خلق اور غریبوں کے ساتھ ہمدردی کے لیے وقف کر دی تھی۔ ان کی عملی زندگی آج بھی کلیسیاء کے لیے ایک روشن اور قابلِ تقلید نمونہ ہے۔فادر کلارنس حیات نے مزید کہا کہ سال 2026ء سینٹ فرانسس اسیسی کی وفات کے 800 سال مکمل ہونے کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ 1226ء میں ان کی وفات کے بعد سے ان کی تعلیمات اور روحانی میراث آج بھی دنیا بھر میں محبت، امن، بھائی چارے اور مخلوقِ خدا کی خدمت کا پیغام عام کر رہی ہے۔تقریب میں چرچ کے مختلف گروپس اور کلیسیاء کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سینٹ فرانسس اسیسی کی یاد میں جلوس نکالا گیا اور کیک کاٹ کر عید کی خوشیاں منائی گئیں۔


