لاس اینجلس:ہالی ووڈ کے سپر اسٹار بریڈ پٹ (Brad Pitt) ایک بار پھر اپنی نئی ایکشن اور ایڈونچر فلم ’ہارٹ آف دی بیسٹ‘ (Heart of the Beast) کے ساتھ سنیما گھروں کی زینت بن چکے ہیں، جس کا پریمیئر جمعہ کے روز پاراماؤنٹ پکچرز کے تحت کیا گیا۔ فلم میں بریڈ پٹ نے ایک خاموش طبع، تنہا اور نڈر فوجی کمانڈو کا کردار نبھایا ہے جو ایک جرمن شیفرڈ کتے کے ساتھ خطرناک الیکٹرک اور جنگلی وادیوں کا سفر کرتا ہے۔
فلم کی کہانی سابق آرمی اسپیشل فورسز کے تجربہ کار فوجی جیمز بیلمونٹ (James Belmont) کے گرد گھومتی ہے جو الاسکا کے دور دراز اور برفانی جنگلوں میں اپنے وفادار کتے ’اوڈن‘ (Odin) کے ساتھ مقیم ہے۔ اوڈن بھی جنگی زخموں کا شکار ایک سابق فوجی کتا ہے جس کی ٹانگ مصنوعی اور دانت ٹائٹینیم کے ہیں۔ فلم اس وقت ایک سنسنی خیز موڑ لیتی ہے جب جیمز کا طیارہ حادثے کا شکار ہو جاتا ہے اور دونوں کو شدید طوفان، ریچھوں، بھیڑیوں اور دلدل جیسے مہلک خطرات کا سامنا کرتے ہوئے 58 میل (93 کلومیٹر) کا کٹھن پیدل سفر طے کرنا پڑتا ہے۔
فلم کی ہدایت کاری ڈیوڈ ایئر (David Ayer) نے کی ہے جن کے ساتھ بریڈ پٹ اس سے قبل کامیاب فلم ’فیوری‘ میں بھی کام کر چکے ہیں۔ ناقدین کے مطابق اگرچہ فلم کی کہانی کلاسک سروائیول فارمولے پر مبنی ہے، تاہم بریڈ پٹ کی شاندار پرفارمنس اور انسان و جانور کے درمیان محبت کے گہرے رشت نے ناظرین کو سکرین سے باندھ رکھا ہے۔ فلم فوجیوں اور جنگی کتوں کی بہادری اور بقا کا ایک شاندار اور جذباتی اعتراف ہے
بقا کی سنسنی خیز داستان: بریڈ پٹ کی نئی فلم ’ہارٹ آف دی بیسٹ‘ ، انسان اور کتے کی دوستی نے دھوم مچا دی



